Thursday, April 25, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال بیت گئے

سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال بیت گئے
June 17, 2021

لاہور (92 نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سات سال بیت گئے۔ عوامی تحریک آج پینسٹھ شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی۔

احتجاج، دھرنوں اور قانونی جنگ کے باوجود سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ تحقیقات کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹیز نے رپورٹ بھی جمع کرائی لیکن تاحال کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔

17 جون 2014 کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے سکیورٹی بیرئیر ہٹانے کے لئے آپریشن ہوا۔ اس دوران پولیس کی جانب سے سیدھی گولیاں چلائی گئیں جس میں 2 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

واقعے کے چند روز بعد مقامی پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج ہوئی اور انصاف کے حصول کیلئے عوامی تحریک نے لاہور سے اسلام آباد مارچ بھی کیا۔ مقدمہ میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف، وزیر اعلی شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، رانا ثناء اللہ، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا اور ڈی سی او کو نامزد کیا گیا۔

حکومتی شخصیات اور افسران کو بھی نامزد کیا گیا لیکن تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔