Thursday, April 25, 2024

پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی ، آرمی چیف

پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی ، آرمی چیف
June 15, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 78 ھویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے جیو اسٹریٹجک صورتحال، قومی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز سمیت خطرات سے نمٹنے کیلئے جوابی حکمت عملی پر بھی غور کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے کشمیریوں کی جدوجہد حق خود ارادیت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔ شرکاء نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے بامقصد کردار کو بھی سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تازہ جیو اسٹریٹجک صورتحال کے پیش نظر ایل اوسی، ورکنگ باؤنڈری اور پاک افغان بارڈر پر آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں میں فارمیشن کے تربیتی معیار کی تعریف کی اور افسروں اور جوانوں کے بلند عزم کو سراہا۔ آرمی چیف نے کورونا، ٹڈی دل اور پولیو کے خاتمے کی قومی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی خدمت اور وطن کے دفاع کے لئے ہر سطح تک جائے گی۔ آرمی چیف نے ملتان اور منگلا کور کو بہترین کارکردگی پر ٹرافیز سے بھی نوازا۔