Friday, April 19, 2024

پی ایس ایل سکس ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

پی ایس ایل سکس ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
June 15, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کے خلاف بڑی کامیابی سمیٹی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔

بابر اعظم اور نجیب اللہ زادران کی نصف سنچریاں رائیگاں نکلی۔ کولن منروا ور افتخار احمد نے کراچی کنگز کے باؤلرز کی دھلائی  کر دی۔ 191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور 41 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ عثمان خواجہ 12 اور محمد اخلاق 1 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے پر کولن منرو اور افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور کراچی کنگز کے باؤلرز کی خوب پٹائی کی۔ کولن منرو نے 56 گیندوں پردو چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی شکست اننگز کھیلی۔

افتخار احمد نے 39 گیندوں پر 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 191 رنز کا ہدف دو وکٹوں پر 19 ویں اوور میں حاصل کیا۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ بابر اعظم 81 اور نجیب اللہ زادران 71 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اورعاکف جاوید نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔