Thursday, March 28, 2024

پی ایس ایل سکس، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل سکس، پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دیدی
June 13, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) پی ایس ایل سکس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایونٹ میں چھٹی شکست کا سامنا، اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔ 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا سکی، پشاور زلمی کی جانب سے محمد عرفان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان سپر لیگ سکس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کے امکانات کم رہ گئے، سپر لیگ کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔

پشاور زلمی کے بلے بازوں نے کوئٹہ کے باؤلرز کی پہلے خوب درگت بنائی بعد میں پشاور کے باؤلرز نے کوئٹہ کے بلے بازوں کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، کامران اکمل اور ڈیوڈ ملر نے کوئٹہ کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا
اور 125 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے پشاور کی میچ میں پوزیشن مستحکم بنا دی۔

ڈیوڈ ملر نے 73اور کامران اکمل نے 59رنز کی اننگز کھیلی، روومین پاؤل نے 19 گیندوں پر 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔