Thursday, April 18, 2024

حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 43 فیصد اضافہ کردیا، شاہ محمود کا دعویٰ

حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 43 فیصد اضافہ کردیا، شاہ محمود کا دعویٰ
June 12, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں 43 فیصد اضافہ کردیا۔ 

وزیرخارجہ شاہ محمود نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، وفاقی بجٹ کا فیڈ بیک حوصلہ افزاء ملا، ہمارا فوکس اکنامک گروتھ پر ہے جس سے روزگار میں آضافہ ہو گا۔ کورونا کے چیلنج کے باوجود معشیت کو بہتر بنانے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا، مہنگائی پر کنٹرول حکومت کی اولین ترجیح ہے، فی کس آمدنی میں 200 ڈالر اضافہ ہوا، مزید کہا کہ، دباؤ کے باوجود بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی۔ حکومت ٹرانسمیشن پر کام کررہی ہے تاکہ لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جاسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہماری توقع سے زیادہ ترسیلات پہنچیں۔ کسانوں کے لیے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔ کہا کہ، زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، موسمیاتی تبدیلیاں زراعت متاثر کررہی ہیں، اس حوالے سے بھی فنڈز مختص کیا ہے، بجٹ میں ہر شعبے کو رعایت دی۔

شاہ محمود بولے کہ حالیہ بجٹ میں ٹیکس کم کیے ہیں، بجٹ میں ہم نے منصوبہ بنایا کہ مہنگائی پر کیسے قابو پایا جائے، اللہ کے کرم سے پر کیپٹل انکم میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ، پچھلے دنوں کہا جاتا رہا سندھ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، کراچی کے لیے خطیرپیکیج دیا گیا، کراچی سرکلر ریلوے اور سکھر تا حیدرآباد موٹروے کے لیے رقم مختص کی گئی۔ سکھرتا حیدرآباد موٹروے سے پورا ملک موٹروے سے منسلک ہوجائے گا۔ سیالکوٹ تا کھاریاں تک موٹر وے بنے گی۔ کہا کہ، ایم ایل ون ریلوے پر چین کے ساتھ گفتوشنید ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا، توانائی شعبہ کے لیے ہم نے ایک سو آٹھارہ ارب روپے رکھ رہے ہیں، عوام پر بجلی کے بلوں کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا، ہم پن بجلی اور سولر کا سہارا زیادہ لینا چاہتے ہیں اور مہنگی بجلی کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ ماضی کے بجلی منصوبوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پانی کے شعبے میں بجٹ میں 91 ارب روپے مختص کیا گیا، 10 ڈیم بنا رہے ہیں جس سے پانی اور بجلی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ مزید کہا کہ ہم نے پٹرول کی قیمتیں برقرار رکھیں، انکم ٹیکس، سیل ٹیکس کی شرح میں اضافہ نہیں کیا۔ روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے،

شاہ محمود قریشی نے کہا، تاجربرادری نے بجٹ کو سراہا ہے، محدود وسائل میں بھی سرکاری ملازمین کا سوچا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کا بجٹ بھی بہترآئے گا۔

وزیرخارجہ نے کہا، ہم پسماندہ اور ترقی یافتہ علاقوں کو ایک برابر لانا چاہتے ہیں، چاہتے ہیں پورا ملک ترقی کرے۔ فاٹا کی ترقی کے لیے 54 ارب روپے مختص کیے گئے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے لیے بجٹ رکھا جا رہا ہے، جو بجٹ جنوبی پنجاب کے لیے رکھا جائے گا وہ صرف جنوبی پنجاب میں ہی لگے گا۔ 20 جون کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا ٹینڈر کیا جائے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہم تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کے ممبران کے ممنون ہیں، تمام ارکان اسمبلی نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، بجٹ میں ووٹ دینے کا یقین دلایا ہے۔ مخالفین کے ارمانوں پر اوس پڑجائے گی اور وفاق اور صوبائی بجٹ منظور ہوجائے گا۔

شاہ محمود نے مزید کہا، جہانگیرترین کے ایشو پر تحقیقات چل رہی ہیں، عمران خان نے واضح کردیا ہے کسی سے رعایت نہ ہی کسی سے زیادتی ہوگی۔ میرٹ پر چلیں گے، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔