Friday, April 26, 2024

پی ایس ایل سکس ، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دے دی

پی ایس ایل سکس ، لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دے دی
June 11, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) پی ایس ایل سکس میں لاہور قلندرز کی ایک اور کامیابی ہو گئی۔ پشاور زلمی کو دس رنز سے ہرا دیا۔

لاہور قلندرز کی پی ایس ایل  سکس میں مسلسل تیسری کامیابی ہو گئی۔ راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ  کی بدولت لاہور قلندرز  نے پشاور زلمی کو دس رنز سے شکست دے دی۔

171رنز کے  ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم  آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی۔ جیمز فالکنر نے 5 رنز کے مجموعی اسکور پر زلمی کے اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔ کامران اکمل ایک اور حیدر علی تین رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک اور ڈیوڈ ملر نے 51 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کی امید دلائی لیکن لاہور قلندرز کے اسپنر راشد خان نے زلمی کے بلے بازوں کو اپنے جال  میں پھنسا لیا ۔ راشد خان نے  پانچ وکٹیں حاصل  کرتے ہوئے  پشاور کی بیٹنگ لائن  کی کمر توڑ دی۔

شعیب ملک  کے 73 اور عمید آصف کے 12 گیندوں پر 23 رنز بھی پشاور کو شکست سے نہ بچا سکے اور پشاور زلمی کی ٹیم 8 وکٹوں پر 160 رنز ہی بنا سکی۔

لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں پر 170 رنز بنائے۔ لاہور کی جانب سے ٹم ڈیوڈ 64 اور بین ڈنک 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پشاور کی جانب سے فیبین ایلن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کے راشد خان کو  پانچ وکٹیں  لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔