Friday, April 19, 2024

رواں سال برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، عبدالرزاق داؤد

رواں سال برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، عبدالرزاق داؤد
June 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ، رواں سال برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، آئی ٹی، انجینئرنگ اور کیمیکل پر خصوصی توجہ ہے۔

عبدالرزاق داؤد اقتصادی سروے پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا، مئی کے آخر تک ایکسپورٹ22.5  ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی۔ برآمدات بڑھانے کیلئے ویلیو ایڈیشن کی جانب جانا ہوگا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اچھی چل رہی ہے،انجینئرنگ اور کیمیکل پر توجہ ہے۔

وزیر صنعت و پیداوار خسروبختیار نے اکنامک سروے پیش کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا، زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے کسان کے مفادات کا تحفظ کررہے ہیں۔ زراعت کے شعبے میں پیداواری لاگت کو کم کرنے کیلئے سبسڈی دینی پڑے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ، چھوٹے کسان کو ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلئے نجی شعبے سے معاونت لی جائے گی۔ اچھی کوالٹی کے بیج کی کسانوں کو فراہمی، قرض دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا، 280 ارب روپے ایمرجنسی زرعی پروگرام کے تحت بجٹ میں رکھے گئے ہیں، ن لیگ کے پانچ سالوں میں 100 روپے فی من گندم کی قیمت بڑھائی۔ موجودہ حکومت نے 3 سالوں میں 500 روپے فی من گندم کی قیمت میں اضافہ کیا۔ سی پیک کے تحت اس حکومت نے زراعت پر ورکنگ گروپ بنایا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشر نے اقتصادی سروے پیش کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا، احساس پروگرام کے تحت تمام اہداف پر کام ہو رہا ہے، احساس پروگرام کے تحت انڈرگریجویٹ پروگرام کی تکمیل کی۔

انہوں نے کہا، احساس پروگرام پوری دنیا میں سراہا گیا، وزیراعظم کی اسپورٹ کے بغیر تمام کام ناممکن تھے۔ آسان قرضوں کی فراہمی 10 اضلاع سے بڑھا کر 28 کردی۔