Tuesday, April 23, 2024

ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے

ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے
June 9, 2021

لاہور (92 نیوز) ملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے۔ لاہور میں درجہ حرارت گیارہ بجے ہی 41 ڈگری تک پہنچ گیا۔

موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ ملک کے میدانی علاقے آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اسلام آباد میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ شام کے اوقات میں آندھی اور گرج چمک کا امکان  ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا۔ مانسہرہ اور سوات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ شدید گرمی کے باعث ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور کے اضلاع میں بعد دوپہرگرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ تربت، پنجگور، چاغی، سبی، کوہلو میں موسم شدید گرم رہے گا۔