Thursday, April 25, 2024

وزیر اعظم عمران خان اور بورس جانسن میں ٹیلیفونک رابطہ ، افغان امن عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان اور بورس جانسن میں ٹیلیفونک رابطہ ، افغان امن عمل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
June 8, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان اور برطانوی ہم منصب بورس جانسن میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ایف اے ٹی ایف، افغان امن عمل، دوطرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، افغان امن عمل، کووڈ- 19 اور ماحولیاتی تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا۔

ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور افغان سرزمین پر ‏طویل المدتی امن اور استحکام پر اتفاق کیا۔ ‏برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ افغان حکومت کی سفارتی اور ترقیاتی مدد ‏جاری رکھے گا۔ ‏

دونوں وزرائے اعظم نے  برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلی سطح کے تبادلے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے امید کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے برطانیہ میں کورونا کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے پر وزیر اعظم بورس جانسن کی کوششوں کو سراہا اور اپنے برطانوی ہم منصب کو پاکستان کی طرف سے کورونا کے خلاف کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔