Friday, April 19, 2024

تاجروں کا مطالبہ تسلیم ، سندھ میں آج سے دکانیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت

تاجروں کا مطالبہ تسلیم ، سندھ میں آج سے دکانیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت
June 6, 2021

کراچی (92 نیوز) تاجروں کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا۔ سندھ میں آج سے دکانیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ ٹاسک فورس اجلاس میں صوبے میں عالمی وبا کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کورونا ٹاسک فورس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر میں تمام مارکیٹس اور دکانیں رات آٹھ بجے تک کھولنے کی اجازت ہو گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تمام دکانوں کے اسٹاف کو ویکسین لازمی کرانا ہو گی۔ پندرہ روز بعد دکانوں کے اسٹاف کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک ہونگے۔

سی ایم سندھ مراد علی شاہ نے ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور ڈائننگ رات بارہ بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تاہم سماجی فاصلہ لازمی برقرار رکھنا ہو گا۔

سندھ حکومت نے دو ہفتوں بعد شادی ہالز کو ایس او پیز کے ساتھ اور آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت دے دی جبکہ سیلونز کو بھی ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی۔ پیر سے بیچز اور سی ویو بھی کھول دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نویں جماعت سے جامعات تک تعلیمی ادارے سات جون سے کھلنے کا اعلان کر دیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دو ہفتوں کے دوران ویکسین لگوا لیں۔ عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہو گی۔