Thursday, April 25, 2024

ملک میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے ، آئیں پارلیمنٹ میں بیٹھ کر حل کریں ، اسد قیصر

ملک میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے ، آئیں پارلیمنٹ میں بیٹھ کر حل کریں ، اسد قیصر
June 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے اپوزیشن کو بھی درخواست کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کو استعمال کریں۔ ملک کو سب سے زیادہ پانی کا مسئلہ ہے آئیے پارلیمنٹ میں مسئلے کو حل کریں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مزار اقبال پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کوشش اور خواہش ہے کہ اسمبلی کا تقدس بحال رکھیں۔ بلین ٹری سونامی اور ٹین بلین سونامی کا مرحلہ وار سلسلہ چل رہا ہے۔ پانی کا مسئلہ ہے صوبوں میں تنازعات ہیں گلوبل وارمنگ پر بحث ہونی چاہیے۔ اس وقت معیشت پر بات کریں جس ایشو پر چاہتے ہیں مل بیٹھ کر بات کریں۔ حزب اختلاف فوڈ سکیورٹی اور کورونا پر آئیں تو کھل کر بات کریں گے۔

اسد قیصر نے کہا پہلی بار کشمیر پر 3 قراردادیں متفقہ طورپر آئیں اور پاس کیں۔ فلسطین پر متفقہ قرارداد پاس کروائی اس پر سیاست نہیں ہوئی بلکہ قومی ایشو پر آ جاتے ہیں۔ حکومت کا اپوزیشن کا اپنا نقطہ نظر ہے ، فلور پر بات کریں ، دوسرے کی بھی سنیں۔ ایسا نہ ہو اپوزیشن اپنی بات کرکے باہر چلے جائیں ۔

انہوں نے کہا عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی تصور بھی نہ کرے کہ پاکستان کے اڈے امریکا کو دیں گے۔ امریکا کے ساتھ اڈے دینے کے حوالے سے نہ کوئی معاہدہ ہوا نہ کوئی پلان ہے۔