Friday, April 19, 2024

لاہور، کینال روڈ پر پولیس اہلکار کو کچلنے والے بگڑے نواب زادے سے متعلق اہم انکشافات

لاہور، کینال روڈ پر پولیس اہلکار کو کچلنے والے بگڑے نواب زادے سے متعلق اہم انکشافات
June 6, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور میں کینال روڈ پر پولیس اہلکار کو کچلنے والے بگڑے نواب زادے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔

کینال روڈ پر موٹرسایئکل سوار کو گاڑی تلے کچلنے کا معاملہ!، گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سول لائن میں کانسٹیبل منور خان کی مدعیت میں اقدام قتل، اغوا اور دیگر دفعات کے تحت درج کر لی گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی۔

ایف آئی آر کے مطابق حمزہ جاوید نامی ملزم نجی ہوٹل میں حساس ادارے کا افسر بن کر کمرے کا مطالبہ کرتا رہا۔ ملزم نے ہوٹل کے مینجر کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی جس پر انتظامیہ نے 15 پر کال کر کے پولیس کو بلوا لیا۔

دو اہلکار ہوٹل پہنچے اور حمزہ جاوید کو دھر لیا ملزم کو اس کی گاڑی سمیت تھانہ لے جاتے وقت اس نے گاڑی بھگا دی۔

ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزم نے ساتھ بیٹھے اہلکار کو دھمکایا اور اسے اغواء کرنے کی بھی کوشش کی۔ دوسرے اہلکار نے گاڑی کا تعاقب کر کے اسے روکنے کی کوشش کی تو حمزہ جاوید نے اس پر گاڑی چڑھا دی۔

پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد موٹرسائیکل پھنسی ہونے کے باوجود ملزم نے گاڑی بھگائی اور آگ لگ گئی۔

تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بگڑے نواب زادے کو حراست میں لیا تھا۔