Friday, April 26, 2024

بھارت کیساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں پرمسئلہ کشمیر نظر انداز نہیں کرینگے، شاہ محمود

بھارت کیساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں پرمسئلہ کشمیر نظر انداز نہیں کرینگے، شاہ محمود
June 5, 2021

ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود نے واضح طور پر کہا، بھارت کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں لیکن پاکستان کسی بھی طور مسئلہ کشمیر نظر انداز نہیں کرے گا۔

ہفتے کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، بھارت کشمیرکی خصوصی حیثیت بحال کرے تومذاکرات کیلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ہندوستان پر سب سے زیادہ دباؤ، ان کی اندرونی بگڑتی ہوئی صورتحال کا ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے پاکستان پر الزامات پر برہمی کا اظہارکیا، افغان نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کو سپوائلر قرار دے دیا۔ کہا کہ زبان درازی بند نہ ہوئی تو کوئی پاکستانی ان سے ہاتھ نہیں ملائے گا۔

مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا، افغانستان کے مسئلے پر اپوزیشن جماعتوں کو کل آگاہ کیا اور ان کی تجاویز بھی لیں۔ کہا کہ، پہلے افغانستان میں کچھ بھی ہوتا تھا تو اس کا الزام پاکستان پرلگا دیا جاتا تھا، آج ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث، دنیا پاکستان کو مسائل کا حصہ نہیں بلکہ مسائل کے حل کا حصّہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا، پچھلی چار دہائیوں میں کوئی وزیر خارجہ اس سے قبل عراق کے دورے پر نہیں گیا۔ عراق او آئی سی کا اہم ملک اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے حوالے سے اس کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ مزید کہا، عراقی ہم منصب کو مسئلہ کشمیرسے متعلق بھی آگاہ کیا، عراقی ہم منصب کو بتایا ہم خطے میں امن سے رہنا چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے فلسطین کے حوالے سے کہا، فلسطین کے حوالے سے "سیز فائر" کی صورت میں ابتدائی کامیابی ملی۔ او آئی سی کی جانب سے پاکستان نے اقوام متحدہ ہیومن رائٹس کونسل میں قرارداد پیش کی۔ ہیومن رائٹس کونسل میں فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے آزادانہ کمیشن کی قرارداد کی منظوری، اہم کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا، یواے ای کیساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں، مستقبل میں  مزید مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی بھی یو اے ای کے کراؤن پرنس سے بات چیت ہوئی، مزید بتایا کہ، پی ایس ایل میچز کے دوران جب کچھ دقت پیش آئی تو میری یو اے ای کے وزیر خارجہ سے بات چیت کے نتیجے میں آسانی پیدا ہوئی۔