Tuesday, April 23, 2024

رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود باہر بھیج دیا، بلاول بھٹو

رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود باہر بھیج دیا، بلاول بھٹو
June 4, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں، ملک میں احتساب کا نظام دوغلا ہے، وزیراعظم کا عام آدمی سے کوئی تعلق نہیں۔

جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا، غربت اور بیروزگاری تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا، ملک میں احتساب کا نظام دوغلا ہے، یہ آئین اور قانون سے مذاق ہے۔ رائیونڈ کے وزیراعظم کو سزا کے باوجود باہر بھیج دیا جاتا ہے۔ قائد حزب اختلاف پنجاب سے ہو تو ضمانت ملے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بولے کہ، کیا کرپشن کرپشن کہہ کر آپ دوسرا ٹرم دیکھ رہے ہو؟، اب جو احتساب ہوگا وہ عوام کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا، کہتے ہیں اس نئے پاکستان میں این آر او نہیں دیا جاتا، پیپلزپارٹی کیسز، دھمکیوں اور احتساب کے نعروں سے نہیں ڈرتی۔

بلاول بھٹو نے کہا، وزارت خارجہ میں جو بریفنگ بلائی گئی، ہم مطمئن نہیں۔ حکومت الیکٹورل اصلاحات آرڈیننس کے ذریعے لانا چاہتی ہے۔

اُنہوں نے کہا، ہم کہیں نہیں جارہے ،عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں، ہماری جب حکومت آئی تھی تو گندم امپورٹ کی جارہی تھی، ایک سال بعد ہی ہم گندم ایکسپورٹ کررہے تھے۔

اُن کا مزید کہنا تھا، پیپلزپارٹی نے غریب سے روزگار نہیں چھینا، اپنے دور حکومت میں سب سے زیادہ روزگار دیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا۔