Saturday, April 20, 2024

بلاول بھٹو نے کورونا سے بچاؤ کیلئے عالمی اداروں کے فنڈز کا وزیراعظم سے حساب مانگ لیا

بلاول بھٹو نے کورونا سے بچاؤ کیلئے عالمی اداروں کے فنڈز کا وزیراعظم سے حساب مانگ لیا
June 4, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤ کے حوالے سے عالمی اداروں کی جانب سے ملنے والے فنڈز کا وزیراعظم سے حساب مانگ لیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف نے کورونا کی وبا سے نمنٹے کے لئے پاکستان کو سوا ارب ڈالر دیئے تھے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے ڈیڑھ ارب ڈالر کی امداد دی۔ بتایا جائے کہ یہ فنڈ کن منصوبوں پر لگایا گیا؟

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ورلڈ بینک کے دو سو ملین ڈالر کہاں خرچ کر دئیے؟ کورونا ریلیف فنڈ میں پاکستانیوں نے جو اربوں روپے جمع کروائے، ان فنڈز کو کہاں خرچ کیا گیا؟

بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ وزیراظم نے فنڈز میں گھپلوں کو چھپانے کے لئے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کو روکا ہوا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت آڈیٹر جنرل رپورٹ کے اعدادوشمار میں ہیرپھیر کی کوششوں کو بند کرکے فی الفور آڈٹ رپورٹ کا اجرا کرے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کھربوں روپے کے مالیاتی پیکج میں گھپلوں پر قوم عمران خان کو معاف نہیں کرے گی۔ بلاول نے کہا کہ وفاقی حکومت نے  نااہلی اور کرپشن سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے بدترین بحرانوں کے دوران پی ٹی آئی کے کرپشن اسکینڈل لمحہ فکریہ ہیں۔