Friday, April 26, 2024

ملک میں کہیں شدید گرمی، کہیں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے بعد بارش

ملک میں کہیں شدید گرمی، کہیں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے بعد بارش
May 31, 2021

لاہور (92 نیوز) ملک میں موسم کے نرالے رنگ ، کہیں شدید گرمی پڑ رہی ہے تو کہیں ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے بعد بارش نے موسم کو خوشگوار بنادیا، لاہور میں آندھی نے سب کچھ مٹی مٹی کردیا، لیسکو کے درجنوں فیڈر ٹرپ کرگئے، فیصل آباد میں بھی آندھی نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا۔

ملک بھر میں موسم کے نرالے رنگ، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں موسم بدل گیا۔

لاہور اور گردونواح میں آندھی نے بجلی کا نظام درہم برہم کردیا، آندھی کے باعث لیسکو کے 85 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ ناردرن اور شیخوپورہ سرکل سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اندرون لاہور بھی تیز گردآلود ہواؤں کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔

فیصل آباد ریجن میں بھی آندھی سے فیسکو کا نظام شدید متاثر ہوا۔

لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن میں کہیں ژالہ باری تو کہیں بارش ہوئی۔ بارش کے بعد گرمی سے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اٹھے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، اچانک بادل آئے اور دن میں رات کا سماں پیدا ہوگیا۔ دونوں شہروں کا موسم بدلا تو شہری بھی خوش دکھائی دیئے۔

ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب، اندرون سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں غضب کی گرمی کا راج رہا۔

سبی میں درجہ حرارت 50، جیکب آباد، دادو، موہنجوداڑو، لاڑکانہ میں 48، روہڑی، پڈعیدن اور شہید بینظیر آباد میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔