Friday, March 29, 2024

میرے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین

میرے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے، جہانگیر ترین
May 31, 2021

لاہور (92 نیوز) تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر ترین کہتے ہیں ان سے سیاست نہیں انصاف کیا جائے، اُمید تھی کہ علی ظفر کی رپورٹ مئی تک آ جائے گی۔

عبوری ضمانت ختم ہونے پر جہانگیر ترین اور علی ترین عدالت میں پیش ہوئے، سیشن عدالت میں جج کے تبادلے کے باعث سماعت بغیر کارروائی 11  جون تک ملتوی کر دی گئی۔

فاضل جج حامد حسین نے استفسار کیا یہ معاملہ کب سے چل رہا ہے اور ابھی تک تحقیقات مکمل کیوں نہیں کی گئیں؟۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیشی آفیسر تبدیل ہو گئے ہیں جس کے باعث تاخیر ہوئی۔

جہانگیر ترین کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کیس کو سمجھنے میں اتنا وقت گزر گیا اب نیا تفتیشی آفیسر نئے سرے سے تحقیقات کرے گا۔

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جہانگیر ترین اور علی ترین بینکنگ عدالت میں بھی پیش ہوئے، آئندہ سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

میڈیا سے گفتگو میں جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ سیاست نہیں انصاف کیا جائے اور علی ظفر کی رپورٹ بھی پبلک کی جائے۔ کہا کہ قیاس آرائی ہے کہ یہ رپورٹ میرے لیے مثبت ہے۔ انہوں نے حکومتی ذمہ دار سے ملاقات کا بھی انکار کیا۔

نذیر چوہان،راجہ ریاض اور ہم خیال گروپ کے دیگر ارکان بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ عدالت پہنچے، عدالت پیشی سے قبل جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہم خیال گروپ کا اجلاس بھی ہوا، جس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔