Friday, April 19, 2024

عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بنا سکتی، بلاول بھٹو

عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بنا سکتی، بلاول بھٹو
May 29, 2021

کراچی (92 نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا، عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بنا سکتی، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ پارلیمان سے منظور نہیں ہونے دیں گے۔

ہفتہ کے روز اُنہوں نے اپنے بیان میں کہا، آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازموں کا بنایا بجٹ پاکستان کی خودداری پر حملہ ہوگا۔ سخت شرائط پر لیے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعویٰ معاشی ترقی نہیں کہلاتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہر بجٹ سے پہلے اعلان کیا جاتا ہے کہ یہ سال ترقی کا ہوگا اور پھر معاشی تباہی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ انہوں نے کہا، ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے دعوؤں کا آخر کیا کرے گا؟۔ دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بولے کہ، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی معاشی پالیسیاں عوام کے مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔