Tuesday, April 23, 2024

فضل الرحمٰن سے شہباز شریف کی ملاقات، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس پر مشاورت

فضل الرحمٰن سے شہباز شریف کی ملاقات، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس پر مشاورت
May 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے ملاقات کی، پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے حکومت مخالف تحریک اور آئندہ بجٹ اجلاس سے متعلق اُمور پر بات چیت کی، پیپلز پارٹی اور اے این پی کے رویوں اور آئندہ کے لائحہ پر بھی غور کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، آج مل بیٹھنے کا ایک موقع تھا، چند روز پہلے میں حضرت کی صحت یابی کی مبارکباد دینے کے لیے حاضر ہوا تھا۔ کل پی ڈی ایم کے اجلاس کی صدارت حضرت فرمائیں گے، کل پی ڈی ایم کے اجلاس میں تمام ممبر پارٹیز موجود ہوں گی، تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا، کسی ایک پارٹی کو اختیار نہیں کہ کسی کو لے آئے یا چھوڑ آئے، اس فورم میں مشاورت سے فیصلے ہوتے ہیں، مشاورت کے بعد صدر ان فیصلوں کا اعلان کرتے ہیں، پیپلزپارٹی کی واپسی کے حوالے سے میری کوئی ذاتی رائے نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، اپوزیشن لیڈر ہونے کے ناطے میرا فرض ہے پارلیمان میں مشترکہ لائحہ عمل بنائیں، ہمارا فرض ہے حکومت کی تمام محاذوں میں ناکامی اور غفلت کو ایکسپوز کریں۔ کورونا کی تیسری لہر جاری ہے جو بہت خطرناک ہے۔ مزید کہا، افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہماری دعا ہے وہاں امن قائم ہو۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا، شہبازشریف کی تشریف آوری پر ان کا شکرگزار ہوں، شہبازشریف بڑے ہونے کے ناطے ہمیشہ شفقت کا مظاہرہ کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، تنظیم کے جمہوری اصولوں کی بات ہے، جب 9 جماعتوں کی رائے کچھ ہے اور ایک جماعت کچھ اور رائے دی رہی ہو تو اسے باقی جماعتوں کا احترام کرنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، پاکستان میں امراض تو آتے ہیں لیکن علاج کی کوئی صورت نہیں ہوتی، یہ قوم کی بدقسمتی ہے نااہل حکمرانوں کو مسلط کیا گیا۔ اداروں کو تباہ کیا جارہا ہے۔