Friday, March 29, 2024

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائی ، انتہائی مطلوب پانچ کارندے گرفتار

کراچی میں رینجرز اور پولیس کی کارروائی ، انتہائی مطلوب پانچ کارندے گرفتار
May 28, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں رینجرز اور پولیس نے پرانا گولیمار میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے انتہائی مطلوب پانچ کارندوں کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار کئے جانے والوں میں ارسلان عرف مٹھوعرف سندھی، بلال عرف بلو، اویس عرف پٹھان، ضمیر اور حمزہ شامل ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان منشیات فروشی، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی دوسو سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ پرانا گولیمار میں بدنام منشیات فروش کاشف ڈاڈا کے منشیات کے اڈے پر کام کرتے رہے ہیں۔ کاشف ڈاڈا بیرون ملک سے واٹس ایپ پر بھتے کی کال کرتا ہے۔ ماربل مارکیٹ، گیراج، ہوٹلوں، دکانوں، گٹکے کا کاروبار کرنے والوں سے بھتہ لیتے ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ہر دکان سے ماہانہ دس سے پندرہ ہزار روپے بھتہ وصول کرتے ہیں۔ ملزمان مخالف منشیات فروش گروہ کے کارندوں پر فائرنگ کر کے انہیں زخمی اور قتل کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

دوسری جانب جرائم پیشہ عناصر نے ایل ای ڈی بلب تک نا چھوڑا۔ ماڈل کالونی میں موٹر سائیکل سوار ملزم نے گھروں کے باہر لگے بلب چرا لئے۔