Wednesday, April 24, 2024

انتظار قتل کیس، گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

انتظار قتل کیس، گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد
May 27, 2021

کراچی (92 نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوان انتظار کے قتل میں گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی، عدالت نے تحریری فیصلہ میں کہا کہ واقعہ حادثہ نہیں لگتا بلکہ ملزمان سادہ لباس میں مقتول پر حملہ کرنے آئے تھے۔

ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوان انتظار کا قتل، سندھ ہائیکورٹ نے ملزم طارق محمود اور طارق رحیم کی درخواست ضمانت پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ کہاکہ واقعہ حادثہ نہیں لگتا بلکہ ملزمان سادہ لباس میں مقتول پر حملہ کرنے آئے تھے، آپریشن کا انچارج مقتول کو ریسکیو کرنے کے بجائے جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

تحریری فیصلہ میں کہا گیا کہ مقتول انتظار کو بغیر کسی وجہ کے روکا گیا اورکوئی تلاشی بھی نہیں لی گئی۔ ملزمان میڈیکل رپورٹ کے مطابق ٹھیک ہیں، اگر طبعیت خراب ہوتو جیل میں موجود میڈیکل سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں۔

عدالت نے کہا کہ گواہان کے بیانات کے مطابق ملزمان ضمانت دینے کے مستحق نہیں۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے اپنی ضمانت کے لئے پانچویں بار عدالت سے رجوع کیا تھا، عدالت نے پانچوں بار بھی دونوں ملزمان کی درخواستوں کو مسترد کیا۔

ملزمان کے خلاف کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت ہے، پولیس کے مطابق کیس حتمی مراحل میں داخل ہے جلد فیصلہ متوقع ہے۔