Wednesday, March 27, 2024

ہم پیپلزپارٹی کی فرعونیت پر خاموش نہیں رہیں گے ، مصطفی کمال

ہم پیپلزپارٹی کی فرعونیت پر خاموش نہیں رہیں گے ، مصطفی کمال
May 26, 2021

کراچی (92 نیوز) پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال کا کہنا ہے ہم پیپلزپارٹی کی فرعونیت پر خاموش نہیں رہیں گے۔

پی ایس پی چیئرمین نے پاکستان ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت، وفاقی حکومت اور ایم کیوایم کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا پاکستان کا بدقسمت صوبہ سندھ اور شہری علاقے ہیں۔ شہری علاقوں کے ساتھ پیپلزپارٹی کی زیادتیاں عروج پر ہیں۔ پیپلزپارٹی کے پندرہ سولہ سال دور اقتدار میں ایک قطرہ پانی کا اضافہ نہیں کیا۔ ٹرانسپورٹ کے نام پر ایک بس نہیں چلی۔ سندھ میں ظالمانہ کوٹہ سسٹم رائج ہے۔ چالیس فیصد شہری کوٹے پر بھی جعلی ڈومسائل بنوا کر حق مارا جارہا ہے اور اب لاک ڈاون کے نام پر شہریوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی یے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت پیپلزپارٹی کی وجہ سے چل رہی ہے۔ اسی لئے وفاقی حکومت نے سندھ کے مسائل پر کوئی ایکشن نہیں لیا۔ انہوں نےکہا کہ مہاجر سیاست کرنے والوں نے شہر کو پیپلزپارٹی کے ہاتھوں فروخت کیا ہے۔

پی ایس پی چیئرمین نے کہا کہ ارباب اختیار جان لیں کہ پیپلزپارٹی کے اقدامات امن و امان کا مسئلہ ہیں۔ کراچی میں لاوا پک رہا ہے، جو کسی وقت پھٹ سکتا ہے۔