Friday, April 26, 2024

کابینہ اجلاس، تحریک لبیک کی پابندی کیخلاف درخواست پر وزارت داخلہ کمیٹی کی منظوری

کابینہ اجلاس، تحریک لبیک کی پابندی کیخلاف درخواست پر وزارت داخلہ کمیٹی کی منظوری
May 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ کے اہم فیصلے، تحریک لبیک پاکستان کی پابندی کے خلاف درخواست پر وزارتِ داخلہ کی کمیٹی نے منظوری دیدی۔

کابینہ نے پاک افغان ٹرانزٹ معاہدے میں 6 ماہ کی توسیع کردی۔ کورونا سے متعلق امدادی سامان بوسنیا بھیجنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔

فوادچودھری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر الیکشن کمیشن کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ اوور سیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے۔ الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیز کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک معاشی سطح پر استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، فلسطین کے مسئلے کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کوششوں کو سراہا گیا۔ مسئلہ کشمیر پر ہونیوالی پیش رفت پر بھی وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی۔

اُن کا کہنا تھا کہ کابینہ نے کورونا کے حوالے سے طبی امداد اور ادویات بوسنیا بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی عارضی ذمہ داریاں محمد ایوب کو دینے کی منظوری دیدی۔

وزیر اطلاعات نے کہا، ایل پی کی پابندی ختم کرنے کی درخواست ریویو کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہے۔ کابینہ نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کرانے کی منظوری دی ہے۔ پی ڈی ایم اب بکھر کر رہ گئی ہے۔ کوئی بھی اس اتحاد کو سہارا نہیں دے سکتا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا، کورونا کے دوران وزیراعظم کے اقدامات سے معیشت نے ترقی کی، دنیا نے تسلیم کیا کہ کورونا کے دوران پاکستان نے بہتر اقدامات اٹھائے۔ کورونا کے دوران احساس پروگرام کے تحت ایمرجنسی کیش کے تحت 200 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔

اُنہوں نے کہا، وزیراعظم نے کورونا کے دوران کمزور طبقے کیلئے بہترین اقدامات کیے۔ اسٹیٹ بینک نے کورونا کے دوران بہترین اقدامات اُٹھائے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، بیرون ملک پاکستانی ریکارڈ ترسیلات زر ملک میں بھیج چکے ہیں، گندم، گنا، مکئی اور چاول کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔ معاشی استحکام کے اثرات سب کو نظر آ رہے ہیں۔