Thursday, April 25, 2024

ماہرہ قتل کیس ، گرفتار ملزم ظاہرجدون کے کزن ذیشان کی گرفتاری کے لیے چھاپے

ماہرہ قتل کیس ، گرفتار ملزم ظاہرجدون کے کزن ذیشان کی گرفتاری کے لیے چھاپے
May 25, 2021

لاہور (92 نیوز) ماہرہ قتل کیس میں گرفتار ملزم ظاہر جدون کے کزن ذیشان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے مفرور ذیشان کے بہنوئی سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

ماہرہ قتل کیس کی گتھی سلجنے لگی۔ ظاہر جدون کو حراست میں لینے کے بعد ایک اور ملزم کا قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ماہرہ کو قتل کرنے کے لئے ظاہر جدون کا کزن ذیشان بھی راولپنڈی سے لاہور آیا تھا۔ پولیس نے مزید دو افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک ذیشان کا بہنوئی اور دوسرا ظاہر جدون کا بھائی طاہر شامل ہے جبکہ مرکزی ملزم ذیشان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے راولپنڈی فیض آباد میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ماہرہ کا قتل تین مئی کو ڈیفنس کے علاقہ میں ہوا اور اس وقوعہ میں جو پسٹل استعمال  ہوا وہ طاہر کا تھا۔ اس سے قبل قتل میں ملوث ہونے کے شبہ میں پولیس ماہرہ کی دوست اقرا سمیت کئی افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔

ادھر لاہور کی سیشن عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر ملزم سعد امیر بٹ کی عبوری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ عدالت میں ملزم اور اس کے وکلاء پیش نہ ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج سلابٹ جاوید نے ملزم کی ضمانت خارج کی۔