Thursday, April 25, 2024

کوئٹہ، قمبرانی روڈ پر سکیورٹی فورسز کے گشت کے دوران دھماکہ، بچے سمیت 4 زخمی

کوئٹہ، قمبرانی روڈ پر سکیورٹی فورسز کے گشت کے دوران دھماکہ، بچے سمیت 4 زخمی
May 24, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر سکیورٹی فورسز کے گشت کے دوران آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔ ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملوث افراد کی تلاش شروع کردی۔

کوئٹہ کے مصروف ترین علاقے قمبرانی روڈ پر آئی ڈی دھماکہ اس وقت ہوا جب سکیورٹی فورسز موٹر سائیکل پر علاقے کے گشت پر تھیں۔

دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم سکیورٹی اہلکار محفوظ رہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی۔

دھماکے کے نتئجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا، اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا ہے جس میں ڈیڑھ سے دو کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز نے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر کے ملوث افراد کی تلاش شروع کر دی۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے واقع کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے احکامات جاری کئے۔