Thursday, March 28, 2024

حکومت نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا، شیخ رشید

حکومت نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کردیا، شیخ رشید
May 17, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے، حکومت نے شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کردیا۔ نیب کی سفارش اور کابینہ کی منظوری کے بعد نام ای سی ایل میں ڈالا، 15 روز میں اپیل کرسکیں گے۔

وزیرداخلہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، کابینہ نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ شہبازشریف کے خلاف کیس میں چار افراد وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، وہ باہر چلے جاتے تو کیس چلنا مشکل ہوجاتا، شہبازشریف کو نوازشریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا۔

اُنہوں نے کہا، شہباز شریف ضمانتی تھے کہ نوازشریف کو واپس لائیں گے، اس کیس کے تمام ملزم وہ ای سی ایل پر ہیں۔ انصاف کا تقاضہ ہے سب ملزمان سے ایک جیسا سلوک کیا جائے۔ ایک ملزم رات کے اندھیرے میں پاکستان سے بھاگ رہا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی کوئی میڈیکل دستاویزات حکومت کو جمع نہیں ہوئی، میرے پاس کوئی اطلاع نہیں کہ شہبازشریف ڈیل کے تحت باہر آئے اور باہر جارہے ہیں۔ جو لیڈر ہوتا ہے وہ وطن میں جینا اور مرنا چاہتا ہے، لندن بھاگنا نہیں چاہتا۔ عدالت کے فیصلے پر تبصرہ نہیں کرسکتا، عدالت عدالت ہے۔

شیخ رشید بولے کہ عمران خان اپوزیشن کے بس کا کیس نہیں ہے، اپوزیشن عید کے بعد جو کرنا چاہتی ہے کرلے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کی صورتحال پر سال عالم اسلام غمزدہ ہے، اُمید ہے اسمبلی میں قرارداد لائی جائے گی۔