Saturday, April 20, 2024

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ کے علاقوں الشطی اور خان یونس میں بمباری ، مزید 19 فلسطینی شہید

اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ کے علاقوں الشطی اور خان یونس میں بمباری ، مزید 19 فلسطینی شہید
May 15, 2021

غزہ (92 نیوز) اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ کے علاقوں الشطی اور خان یونس میں بمباری سے چھے بچے اور 2 خواتین سمیت مزید 19 فلسطینی شہید ہو گئے۔

مظلوم فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی بربریت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ غزہ پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں بھی شدت آ گئی۔ اسرائیلی لڑاکا طیاروں کی غزہ کے علاقوں الشطی اور خان یونس میں بمباری سے 6 بچے اور 2 خواتین شہید ہو گئیں۔ حملوں میں مزید پندرہ فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔

اسرائیلی بمباری سے سیکڑوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے ایک شیرخوار کو زندہ نکال لیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ  سے شہدا کی تعداد 11 ہو گئی۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق بمباری کے  نتیجے میں  ایک ہزار  سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے  ہیں۔ ہزاروں فلسطینی بے گھر ہو گئے۔غزہ کے شمال مشرقی علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظر شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔

 نہتے فلسطینی اسرائیلی توپ خانے کے حملوں سے بچنے کیلئے اقوام متحدہ کے اسکول میں پناہ لے رہے ہیں۔ اب تک اسرائیل غزہ میں 800 سے زائد مقامات کو نشانہ بنا چکا ہے۔

فلسطین میں پیرا میڈیکل اسٹاف  کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ معصوم بچوں کی لاشیں دیکھ کر جذبات پر قابو نہیں  رکھ پا رہے۔

ادھر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم  کےخلاف لبنانی عوام کا احتجاج  جاری ہے۔ سیکڑوں افراد نے اسرائیلی سرحد پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ناجائز اسرائیلی   ریاست کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اسرائیلی فورسز نے  سرحد پار پُر امن مظاہرہ کرنے والوں پر بھی فائر کھول دیے۔ اسرائیلی  فورسز کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اورمتعدد   زخمی ہو گئے۔