Friday, March 29, 2024

راولپنڈی رنگ روڈ میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ مکمل ، سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود ذمہ دار قرار

راولپنڈی رنگ روڈ میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ مکمل ، سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود ذمہ دار قرار
May 15, 2021

لاہور (92 نیوز) راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں بے ضابطگیوں پر رپورٹ مکمل کر کے وزیر اعلی پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ کمیٹی کی جانب سے سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے رپورٹ وزیر اعلی عثمان بزدار  کو بھجوا دی۔ وزیر اعلی نے تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

ذرائع نے بتایا کمیٹی کی جانب سے سابق کمشنر راولپنڈی محمد محمود اور لینڈ ایکوزیشن کلیکٹر وسیم علی تابش کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ دونوں افسران نے غیر قانونی لینڈ ایکوزیشن پر 2.3 ارب روپے تقسیم کیے۔ رپورٹ کیس نیب کو بھجوانے کی سفارشات پیش کی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اتنی بڑی رقم کی ادائیگی اٹک لوپ کے رینٹ سینڈیکیٹ کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی گئی۔ وسیم علی تابش نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ضلع اٹک میں 2 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی۔ قواعد وضوابط اور انتظامی قوانین کی دھجیاں اڑانے پر محمد محمود کے خلاف رپورٹ میں ڈسپلنری ایکشن کی سفارش کی گئی۔

ایف بی آر اور ایف آئی  کو 12 مختلف ہاؤسنگ سوسائیٹیز اور پراپرٹیز کے حوالے سے چھان بین کی ذمہ داری دینے کی سفارش بھی کی گئی۔ ہاوسنگ سوسائیٹیر میں موجودہ یا ریٹائرڈ افسران کے بے نامی  حصہ دار  ہونے کے حوالے سے تحقیقات کی سفارش بھی کی۔