Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری غیرقانونی ہے، ن لیگ

شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری غیرقانونی ہے، ن لیگ
May 14, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ن لیگ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی وزارت داخلہ کی سمری غیرقانونی قرار دے دی۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے راولپنڈی اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس میں کہا اب یہ معاملہ شہبازشریف نہیں، عدالت اور حکومت کا ہے، حکم عدولی کرنے پر عدالت حکومت سے پوچھے۔ یہ روایت چل پڑی تو کوئی عدالتوں پر اعتماد نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا، شہباز شریف کو لاہور ہائی کورٹ نے 7 مئی کو سفری اجازت دی۔ حکم میں واضح طور پر لکھا کہ شہباز شریف نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے کوئی کرپشن نہیں کی۔ ان دو فیصلوں کے بعد حکومت کی ذہنی کیفیت مشکوک ہوگئی۔ یہ کاغذ لہراتے تھے، اب ان کے پاس کہنے کو کچھ بھی نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ رمضان میں 17 فیصد مہنگائی ہوئی حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ فواد چودھری اور شہزاد اکبر کو فکر تھی کہ چھٹیوں میں کس طرح افسران کو دفتروں میں بلائیں۔ عید کی چھٹی والے ایک غیر قانونی سمری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی۔ نیب، ایف آئی اے، امیگریشن، وزارت داخلہ اور کیبنیٹ ڈویژن کو کھول کر توہین عدالت کی گئی۔