Friday, April 26, 2024

اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری ، شہدا کی تعداد 48 ہو گئی

اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری ، شہدا کی تعداد 48 ہو گئی
May 12, 2021

غزہ (92 نیوز) اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر وحشیانہ بمباری نہ تھم سکی۔ صیہونی فورسز کے حملے میں شہادتوں کی تعداد 48 ہو گئی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے جن میں 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شامل ہیں۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں موجود اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے امور انسانیت کے مطابق 7 سے 10 مئی تک مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز ایک ہزار فلسطینیوں کو زخمی کر چکی ہیں۔ اس کے علاوہ درجنوں عمارتیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

حماس کی جانب سے بھی اسرائیل پر جواب میں راکٹوں کی برسات کی گئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی۔ ایک بس تباہ ہو گئی اور تین اسرائیلی ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے۔

دوسری جانب کشیدگی میں اضافے کے بعد اسرائیل میں رہائش پذیرعربیوں نے بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں کی مذمت کی۔

اقوامِ متحدہ کے خصوصی کوآرڈنیٹر برائے مشرق وسطی امن عمل ٹور وینزلینڈ  کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بڑی جنگ‘‘ کا خدشہ ہے، کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرناہو گا۔

 ادھر دنیا بھر میں اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ نیویارک میں اسرائیلی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ کیپ ٹاؤن میں بھی مظاہرین نے عالمی برادری سے اسرائیلی بربریت کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔