Friday, April 26, 2024

غزہ کے 130 مقامات پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری، 28 فلسطینی شہید

غزہ کے 130 مقامات پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری، 28 فلسطینی شہید
May 11, 2021

غزہ (92 نیوز) غزہ کے عام شہریوں پر صیہونی ریاست کے جنگی طیاروں کی بمباری جاری ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے تشویش کے اظہارکے باوجودفلسطینیوں پر مظالم نہ رکے۔ ریاستی بربریت میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کی حرمت پامال، رمضان المبارک کا تقدس مجروح کردیا۔ دہشت گرد اسرائیل کی بے یارومددگارفلسطینیوں پرریاستی بربریت جاری ہے۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فورسز نے 130 مقامات پر بمباری کی اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ طاقت کے وحشیانہ استعمال میں متعدد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

اسلامی تعاون تنظیم اوآئی سی نے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ طاقت کے حالیہ استعمال کی مذمت کی ہے۔ نیویارک میں او آئی سی کے سفیروں نے طاقت کے استعمال کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

کشیدہ صورتحال پر اقوام متحدہ کا اجلاس ہوا تاہم کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ مصر اور قطر تنازع ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین نے فوری طور پر تشدد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرے بھی پھوٹ پڑے، ترک شہروں انقرہ اور استنبول میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جن میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا اور اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے گئے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم فلسطینیوں کےبجائے قابض اسرائیلیوں کی بولی بولنے لگے، فلسطین کی حمایت میں کی جانے والی کئی پوسٹس سوشل میڈیا سے ہٹادی گئیں۔