Saturday, April 20, 2024

آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات، باہمی دلچسپی، افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال

آرمی چیف کی افغان صدر سے ملاقات، باہمی دلچسپی، افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال
May 10, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی افغان صدر اشرف غنی سے کابل میں ملاقات ہوئی، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کابل کے دورے پر ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی سے ملاقات کی۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف اور افغان صدر کی ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان امن عمل کی تازہ تری صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ دوطرفہ سلامتی، دفاعی تعاون، موثر سرحدی انتظام پر بھی گفتگو کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا پُرامن افغانستان کا مطلب پُرامن خطہ، پُرامن پاکستان ہے۔ افغان امنگوں کے مطابق افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھیں گے۔ افغان امن کیلئے تمام فریقین کے مابین اتفاق رائے ناگزیر ہے۔

افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے آرمی چیف جنرل باجوہ کی بامعنی گفتگو پر اظہار تشکر کیا، کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں انتہائی مثبت اور پُرخلوص کردار ادا کیا۔