Thursday, March 28, 2024

لاہور میں چکن کی قیمت آسمان پر، 415 روپے فی کلو تک فروخت

لاہور میں چکن کی قیمت آسمان پر، 415 روپے فی کلو تک فروخت
May 10, 2021

لاہور (92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں چکن کی قیمت آسمان کو چھونے لگی، گزشتہ ہفتے کی نسبت 41 روپے فی کلو میں اضافے کے بعد برائلر مرغی کا گوشت چار سنچریوں کو بھی عبور کر گیا۔

برائلر مرغی کی اونچی اڑان، قیمت میں مسلسل اضافہ برقرار ہے، گزشتہ روز کی نسبت 8 روپے اضافے سے چکن کی فی کلو قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

برائلر مرغی کا گوشت 407 سے بڑھ کر 415 روپے کا فی کلو ہو گیا جو گزشتہ ہفتے 374 روپے میں دستیاب تھا۔

ماہ صیام میں چکن کی فی کلو قیمت میں ریکارڈ 79 روپے اضافہ ہوا جو رمضان المبارک سے ایک روز قبل 336 روپے کا تھا۔

مہنگائی کے ستائے شہری کہتے ہیں مرغی کھانے کی سکت نہیں اب تو صرف دیکھ کر گزارا کر سکتے ہیں۔

ادھر دکاندار حضرات بھی مہنگائی کے باعث کاروبار ماند پڑنے کا شکوہ کر رہے ہیں۔

فارمی انڈوں کی قیمت 136 روپے فی درجن پر برقرار ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے برائلر مرغی کی قیمتیں کم کرنے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کردار ادار کرنے کی اپیل کی ہے۔