Friday, March 29, 2024

وزیراعظم عمران خان کی مکہ مکرمہ آمد،عمرہ کی سعادت حاصل کی

وزیراعظم عمران خان کی مکہ مکرمہ آمد،عمرہ کی سعادت حاصل کی
May 9, 2021

مکہ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کی مکہ مکرمہ آمد ہوئی جہاں انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنی اہلیہ اور وفد کے ہمراہ مکہ میں عمرے کی سعادت حاصل کی۔ مکہ میں طواف سے پہلے وزیرِاعظم عمران خان کے لیے بیت اللہ کے دروازے کھول دیے گئے اور زیارتِ خاص کروائی گئی۔

وزیراعظم اور ان کے وفد کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔ وزیراعظم، خاتون اوّل اور وفد نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔  وزیر اعظم عمران خان  عمرہ کے بعد امام کعبہ سے ملاقات بھی کرینگے۔ وزیر اعظم سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں خطاب بھی کرینگے۔

وزیراعظم عمران خان سے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے بھی  ملاقات  کی ۔ ملاقات میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر بات چیت  کی گئی ۔ ملاقات میں او آئی سی کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی ۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم جب جدہ سے مدینہ پہنچے تو ان کا استقبال گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کیا۔ وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی مدینہ میں طیارے سے نکلے تو انہوں نے جوتے نہیں پہن رکھے تھے۔ وزیراعظم نے اپنے وفد کے ہمراہ مسجد نبوی میں نماز مغرب ادا کی اور روضہ رسول پر حاضری دی۔ وزیر اعظم اور ان کے وفد کے ارکان نے مسجد نبوی میں روزہ بھی افطار کیا۔