Tuesday, April 23, 2024

آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی

آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا جارہا ہے، شاہ محمود قریشی
May 9, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا، آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کو رنجیدہ کیا جاتا ہے، او آئی سی کے پلیٹ فورم سے اسلامو فوبیا کو اجاگر کریں گے۔

اُنہوں نے کہا، پچھلے دنوں ہم نے ایک اضطراب کی کیفیت دیکھی، اسلامو فوبیا کے حوالے سے او آئی سی اہم فورم ہے، سعودی عرب نے اسلامو فوبیا پر پاکستان کی تشویش کو بجا قرار دیا اور ہمارے نقطہ نظر سے اتفاق کیا، او آئی سی اسلامو فوبیا پر مؤثر اور مناسب پلیٹ فارم ہونے پر ہمارا اتفاق پایا ہے، جس کے توسط سے ہم اس اہم مسئلے کو آگے لے کر چلیں گے۔ ایران اور ترقی کے وزیر خارجہ سے اسلامو فوبیا کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے، جس میں مستقبل کی راہوں کا تعین کیا گیا ہے، دونوں اطراف سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ سعودی عرب کے معاشی مستقبل میں پاکستانی پرفیشنلز اور کام کرنے والے کیسے سعودی سروس سکیٹر میں خدمات دے سکتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا، سعودی عرب نے افغانستان کی صورتحال پر پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اشارہ دیا ہے، افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار سے دنیا واقف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چیلنج ایک ایسا مسئلہ ہے جس نے تشویش کو جنم دیا ہے، اس کو دور کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی مرتب کرنی ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سعودی عرب نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔

محمود قریشی نے کہا، سعودی عرب میں قید پاکستان کی خاصی بڑی تعداد رہا ہوچکی ہے، قیدیوں کی رہائی کے لیے ایک پلیٹ فارم مرتب کیا ہے۔ سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔