Thursday, April 25, 2024

مسئلہ نظام کا نہیں، اداروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، مریم اورنگزیب

مسئلہ نظام کا نہیں، اداروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، مریم اورنگزیب
May 8, 2021

لاہور (92 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ، مسئلہ نظام کا نہیں، اداروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

شہباز شریف کو بیرون ملک جانے سے روکنے پر مریم اورنگزیب بھڑک اٹھیں، میڈیا سے گفتگو میں کہا، عمران خان نے سیاسی انتقام کی ایک لسٹ بنائی ہوئی ہے، اداروں کے اوپر ادارے، عدالت کے اوپر عدالت بنائی ہوئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں نہیں تھا، حکومت نے شہباز شریف کو دہشت گردوں پر لاگو بلیک لسٹ میں ڈالا۔ ہائیکورٹ نے جب شہباز شریف کو ایک مرتبہ سفر کی اجازت دی ایف آئی اے افسران اس وقت عدالت میں موجود تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، یہ آٹا چینی چوری میں مصروف ہیں اور اصل مقصد اپوزیشن کے پیچھے پڑے رہو، کاغذ لہراتے تھے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوئی، جب کچھ نہیں ملا تو آج عدالتی فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ نیب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ یہ غنڈہ گردی ہے اس سے ن لیگ کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اُنہوں نے شہزاد اکبر کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ، ٹی وی پر آکر شہباز شریف کے فیصلے کو پڑھیں، یہ مسئلہ ای سی ایل کا نہیں ہے۔ شہزاد اکبر الزامات لگاتے رہے، ایک سو دس گواہان پیش کیے گئے ایک گواہ نے بھی شہباز شریف کے خلاف گواہی نہیں دی۔ مزید بولیں کہ، یہ فیصلہ میں چیلنج کرتی ہوں پاکستانی عوام کو پڑھ کر سنایا جائے، کہتے ہیں مافیا کو نہیں پکڑا جاسکتا تین دفعہ کے وزیر اعظم کو تو پکڑ لیا۔