Friday, March 29, 2024

آرمی چیف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال

آرمی چیف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ، افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال
May 7, 2021

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت، خودمختاری، حریمین الشریفین کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔

سعودی ولی عہد نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بھائی چارہ اور باہمی اعتماد پر مبنی تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک مسلم امہ کی بہتری، امن واستحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

سعودی وزارت دفاع کے مطابق آرمی چیف نے سعودی نائب وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی جبکہ  شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستانی آرمی چیف اور اپنے بھائی جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات بہترین رہی ۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی، علاقائی امن و سلامتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔