Wednesday, April 24, 2024

ہر الیکشن کے بعد رونا دھونا مگر جماعتیں اصلاحات کیلئے تیار نہیں، فواد چودھری

ہر الیکشن کے بعد رونا دھونا مگر جماعتیں اصلاحات کیلئے تیار نہیں، فواد چودھری
May 3, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں کہ ہر الیکشن کے بعد رونا دھونا ہوتا ہے مگر یہ جماعتیں اصلاحات کے لیے تیار نہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان بولے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کےلیے ترمیم لارہے ہیں۔

وزیراطلاعات فوادچودھری نے بابراعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا، اصلاحات نہیں ہوں گی تو سیاسی و جمہوری ترقی رک جائے گی، ملک کے مفاد میں پرچیوں سے باہر نکلیں، ای وی ایم سے نتیجہ بیس منٹ بعد ہی آجائے گا اور جھگڑا بھی نہیں بنے گا۔

انہوں نے کہا، انتخابی نظام میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں، ن لیگ پارلیمان کے بجائے تمام اختیارات الیکشن کمیشن کو دینے کی حامی ہے۔

ادھر ڈاکٹر بابر اعوان بولے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے ترمیم لارہے ہیں، سینیٹ الیکشن اوپن ووٹنگ کے ذریعے کرانے کی ترمیم بھی لارہے ہیں۔

انہوں نے کہا، نادرا رجسٹریشن کے ڈیٹا کی بنیاد پر انتخابی فہرستیں تیار ہونی چاہئیں۔ ووٹرز کی بنیاد پر حلقہ بندیاں ہوں گی، پولنگ اسٹاف کو چیلنج کیا جاسکے گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، ن لیگ انتخابی اصلاحات کےلیے سنجیدہ ہی نہیں، سیاسی جماعتوں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ سالانہ کنونشن منعقد کریں۔