Thursday, April 25, 2024

لاہور کے 30 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا، یاسمین راشد

لاہور کے 30 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا، یاسمین راشد
May 2, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کہتی ہیں، لاہور کے 30 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔

اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے، جہاں بھی مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے وہاں ایس او پیز اپلائی ہوں گے۔  آکسیجن کی سپلائی میں کسی قسم کا مسئلہ نہیں، ان ڈور آؤٹ ڈور سمیت ہر قسم کی تقریبات پر پابندی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، شور مچتا ہے کہ، لاہور میں حالات خراب ہیں، لاہور میں مثبت کیسز کی شرح کمی ہوئی ہے، اسپتالوں میں آکسیجن کی سپلائی میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں۔ لاہور میں 81 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔

اُنہوں نے کہا، 25 اپریل کی نسبت آج لاہور میں کورونا کے کم 1149 مریض داخل ہیں، پنجاب میں آج ایک ہزار 707 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں۔ پنجاب میں 16 ہزار 846 ٹیسٹ کیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ملتان اور گوجرانوالہ میں آکیوپنسی ریٹ زیادہ ہے، ڈی ایچ کیو اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال میں 97 وینٹی لیٹرز ہیں، گوجرانوالہ میں تقریباً 100 فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔ ایک ہفتے میں بیڈز کی تعداد بڑھائی ہے۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا، پنجاب اس وقت ویکسی نیشن میں سب سے آگے ہے، کل 78ہزار افراد کی ویکسی نیشن ہوئی ہے۔ این سی او سی نے 80 ہزار روزانہ ویکسی نیشن کا ہدف دیا ہے۔ 2 لاکھ 19 ہزار ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگ چکی ہے۔ پنجاب میں 135 ویکسی نیشن سنٹر کام کررہے ہیں، لاہور میں 3 ویکسی نیشن سنٹر کا اضافہ کر رہے ہیں۔ ٹوٹل 21 لاکھ ویکسین آئی تھیں، 8 لاکھ 33 ہزار ہمارے پاس موجود ہیں۔ اُمید ہے رواں ہفتے 70 لاکھ ویکسین آجائیں گی۔

یاسمین راشد نے کہا، چینی ویکسین دنیا میں بہترین ویکسین تجویز کی گئی ہے، یہ برٹش ویرینٹ  کیلئے مؤثر ہے۔ وائرس میں کوئی تبدیلی آئی تو کبھی نہیں چھپائیں گے۔ 40 سال سے زائد عمر افراد کیلئے ابھی واک ان ویکسی نیشن کی سہولت نہیں۔ ہوم ویکسی نیشن پنجاب کے علاوہ کہیں نہیں ہورہی۔