Thursday, April 25, 2024

کراچی، پی ٹی آئی ایم این اے کا پانی چوری سے روکنے پر واٹر بورڈ عملہ پر تشدد

کراچی، پی ٹی آئی ایم این اے کا پانی چوری سے روکنے پر واٹر بورڈ عملہ پر تشدد
May 2, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں تحریک انصاف کے ایک اوررکن قومی اسمبلی بے قابو ہوگئے، پانی چوری کرنے سے روکنے پر ایم این اے فہیم خان نے واٹر بورڈ کے عملے کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا دیا۔ متاثرہ عملے نے مقدمے کیلئے تھانے میں درخواست جمع کرادی۔

ایک تو چوری اوپر سے سینہ زوری، کراچی میں تحریک انصاف کا ایک اور رکن قومی اسمبلی آپے سے باہر ہوگئے۔ پانی چوری کرنے سے روکنے پر فہیم خان واٹربورڈ عملے پر چڑھ دوڑے، شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

واٹر بورڈ کے مطابق پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے 33انچ کی لائن سے 6انچ کی لائن منسلک کرائی۔ عملہ پہنچا تو فہیم خان اور اس کے ساتھیوں نے بدترین تشدد کیا۔ واقعے کا مقدمہ درج کرانے کیلئے پولیس کو درخواست دیدی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی ایم این اےنے واٹر بورڈعملے پر تشدد کو من گھڑت کہانی قراردیدیا۔ ان کا کہنا ہے وہاں واٹر بورڈ کی کوئی ٹیم نہیں آئی،وفاق کے فنڈ سے علاقے میں پانی کی لائن بچھائی ہے۔

چھ ماہ سے کنکشن کیلئے واٹر بورڈ کو درخواست دی ہوئی ہے۔ علاقہ مکینوں نے آج مشتعل ہو کر خود کنکشن حاصل کرنے کی کوشش کی ،میں تو وہاں تھا ہی نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ واٹربورڈ عملہ شہریوں کا پانی چوری کرکے انڈسٹری کو بیچ رہا ہے۔ منصوبہ بندی کے تحت کورنگی کے لوگوں کو پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا مجھ پر الزام لگانے والے عرفان اللہ نامی شخص کو نہیں جانتا۔ عجیب منطق پیش کی کہ واٹر بورڈ نے کنکشن نہیں دیا تو عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت کنکشن لگا لیا، اس طرح کنکشن لگانا چوری نہیں۔

چند دن قبل تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے بھی دکاندار کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔