Friday, April 19, 2024

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ سیل

کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ سیل
May 2, 2021

کراچی (92 نیوز) کورونا کےبڑھتے ہوئے واراورروزبروز آنے والے مثبت کیسز میں اضافے کے باوجود شہری لاپرواہی اورغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر واقع ایشیا کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیا۔

کورونا کی بدلتی شکل، نئی قسم کے وائرس کی موجودگی کے باوجود شہری غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ کراچی میں عبداللہ ہارون روڈ پر واقع ایشیا کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کردی گئی۔

سکیورٹی اداروں کے ہمراہ انتظامیہ نے دکانیں سیل کرکے نوٹس چسپاں کردیئے۔ الیکٹرانک مارکیٹ جانے والی سڑک کو رکاوٹ لگاکر بند کردیا گیا۔

موبائل مارکیٹ انتظامیہ کے مطابق مارکیٹ 70 ارب روپے کا ریونیوجنریٹ کرتی ہے۔ پوری مارکیٹ کو سیل کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ضلع جنوبی میں بھی انتظامیہ متحرک رہی۔
توحید کمرشل کے علاقےمیں سیلون اور لیاری میں دوٹرانسپورٹ بکنگ آفس سمیت کئی دکانیں سیل کردی گئیں۔ 32 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

دوسری جانب آج سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی بندش کے اعلان پر عمل شروع ہوگیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں تحویل میں لے لیں۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ کے مطابق حیدرآباد بدین اسٹاپ،لاڑکانہ اور سکھرمیں کل22گاڑیاں ضبط کرلی گئیں جبکہ مجموعی طور پر 63ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔