Saturday, April 20, 2024

ہرارے ٹیسٹ، پاکستان کی زمبابوے کو اننگز اور 116 رنز سے شکست

ہرارے ٹیسٹ، پاکستان کی زمبابوے کو اننگز اور 116  رنز سے شکست
May 1, 2021

ہرارے (92 نیوز) پاکستان نے زمبابوے کو ہرارے ٹیسٹ میں اننگز اور 116 رنز سے شکست دے دی، حسن علی کو میچ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں 134 رنز بنا سکی، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹیسٹ سات مئی سے شروع ہو گا۔

حسن علی ہرارے ٹیسٹ میں چھا گئے، فاسٹ باؤلر کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور  116رنز سے شکست سے دے دی، ہرارے ٹیسٹ کا فیصلہ تیسرے روز ہی ہو گیا، زمبابوے کی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری 250 رنز کو پورا کرنے میں بھی ناکام رہی اور دوسری اننگز میں 134 رنز بنا سکی۔

حسن علی نے کیرئیر کی بہترین باؤلنگ کی اورزمبابوے کی دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میچ میں مجموعی طور 9 وکٹیں حاصل کیں، حسن نے 12 ٹیسٹ میں 50 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبو ر کر لیا۔ نعمان علی دو اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

زمبابوے کی جانب سے دوسری اننگز میں تریسائی مساکانڈا 43، کپتان برینڈن ٹیلر 29 اور کیون کاسوزا 28 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز بناکر آؤٹ ہو ئی۔

اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگزمیں 426 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، فواد عالم 140  رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمران بٹ 91، عابد علی 60، رضوان 45 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، حسن علی 30، ساجد خان نے 7 رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہرارے ٹیسٹ جیتنے پر مسرور ہیں، کہتے حسن علی سمیت فواد عالم اور ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔