Tuesday, March 19, 2024

یورپا فٹبال لیگ سیمی فائنل، مانچسٹر یونائیٹڈ نے روما، ولا ریال نے آرسنل کو ہرا دیا

یورپا فٹبال لیگ سیمی فائنل، مانچسٹر یونائیٹڈ نے روما، ولا ریال نے آرسنل کو ہرا دیا
April 30, 2021

مانچسٹر (92 نیوز) یورپا فٹبال لیگ سیمی فائنل کی پہلی لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے روما کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں ولا ریال نے آرسنل کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ اسپینش لیگ میں بارسلونا کو گرناڈا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا۔

یورپا فٹبال لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کا آغاز ہوگیا، پہلی لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ولا ریال نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

پہلے سیمی فائنل میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ اور اٹالین کلب روما آمنے سامنے ہوئے، پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر خوب حملے کیے لیکن روما کو پہلے ہاف میں دو، ایک کی برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچ گول اسکور کر کے چھ، دو سے میچ اپنے نام کیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ولا ریال اور آرسنل کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں، ولا ریال نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو، ایک سے میچ اپنے نام کیا۔

اسپینش فٹبال لیگ میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی کی ٹیم بارسلوناکو اپ سیٹ شکست کا سامنا، گرناڈا نے بارسلونا کو دو، ایک سے مات دی۔