Friday, April 26, 2024

این اے 249 کراچی ضمنی انتخاب ، پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب

این اے 249 کراچی ضمنی انتخاب ، پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب
April 30, 2021

کراچی (92 نیوز) این اے 249 کراچی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف اپنی نشست کا دفاع نہ کر سکی۔ پیپلزپارٹی کے قادر خان مندوخیل 16 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

نون لیگ کے مفتاح اسماعیل 15 ہزار 473 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ ٹی ایل پی کے امیدوار کا 11 ہزار 125 ووٹوں کے ساتھ تیسرا نمبر رہا۔ ٹرن آؤٹ 21.64 فیصد رہا۔

بڑے شہر میں بڑے الیکشن پر نائنٹی ٹو نیوز کی بڑی کوریج دیکھنے میں آئی۔ پیپلزپارٹی کو تینتس برس بعد این اے 249 کی نشست پر کامیابی ملی۔ جیالوں کی پارٹی نے آخری بار 1988 کے انتخابات میں نشست جیتی تھی۔ ن لیگ حلقے میں دو بار کامیاب ہو چکی ہے۔ ایم کیوایم نے تین بار بلدیہ ٹاؤن کا میدان مارا جب کہ تحریک انصاف بھی ایک بار کامیاب ہو چکی ہے۔ عمران خان، شہبازشریف اور سابق وزیر داخلہ نصیر اللہ بابر اس حلقے سے انتخاب لڑ چکے ہیں۔

مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے۔ لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ پہلے ہم لیڈ کر رہے تھے ، تاخیر سے  آنے والے نتائج میں ہم نیچے آئے۔ پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی نے حلقے میں ری پولنگ کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر کو درخواست دیدی۔