Thursday, April 25, 2024

پنجاب میں ایسا آدمی لانا چاہتا تھا جو پاکستان کو ترقی دے، وزیراعظم عمران خان

پنجاب میں ایسا آدمی لانا چاہتا تھا جو پاکستان کو ترقی دے، وزیراعظم عمران خان
April 26, 2021

ملتان (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ، پنجاب میں ایسا آدمی لانا چاہتا تھا جو پاکستان کو ترقی دے اور اسکا جینا مرنا ملک کے لیے ہو، عثمان بزدار کو وزیراعلی بنایا تو پہلے ٹیسٹ کیا۔

ملتان میں فلاحی اور ترقیاتی منصوبوں کی تقریب سے خطاب میں اُنہوں نے کہا، افسوس ہے بزدار کی کارکردگی کا جائزہ لیے بغیر تنقید کی گئی۔ اڑھائی سال پہلے بالی ووڈ کا ایکٹر کبھی بوٹ اور ٹوپیاں پہن کر پانی میں کھڑا ہوتا تھا۔ موجودہ حکومت کے دور میں کسانوں کو 500 ارب روپے اضافی ملے۔ کسان کارڈ لانچ کرنے میں بھی پنجاب نے پہل کی ہے۔ امیر ترین ممالک میں ہیلتھ انشورنس نہیں دی جاتی۔ آج عثمان بزدارپورازور لگا رہے ہیں دسمبر تک ہر شہری کے پاس ہیلتھ کارڈ ہو۔ بزدار نے فٹ پاتھ پر سونے والوں کیلئے دنوں میں پناہ گاہیں بنائیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی کی طرف جائیں گے کرپشن ختم ہوتی رہے گی۔ ملک میں 50 سال بعد دو بڑے اور کئی چھوٹے ڈیم بنائے جا رہے ہیں۔ دودھ اور پنیر کی برآمدات سے 25 ارب ڈالر کما سکتے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے اسٹوریج اور فوڈ پرسیسنگ پلانٹس لگائے جائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ایک چھوٹا سا طبقہ ملک کو خون چوس رہا تھا، طاقتور پیسے کھینچ رہے تھے، ایک طبقاتی نظام تھا جس میں لوگ اوپر نہیں آسکتے تھے۔ یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر لیکر گئے، قانون انہیں پکڑتا۔ عید بھی باہر، چھٹیاں بھی باہر، بچے بھی باہر رہ رہے ہیں۔ملک کے وسائل کو باہر بھیجتے تھے، لندن کے مہنگے ترین علاقوں میں میں بڑے بڑے محلات لیے ہوئے ہیں، وہاں کے وزیر لندن میں اس طرح کے محل نہیں لے سکتے۔ اپنا پیسہ باہر رکھا ہے، رائے ونڈ میں عوام کے پیسے سے ڈویلپمنٹ کی۔

وزریراعظم بولے کہ، پنجاب میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جا رہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں آئے تو مخالفین 4 سال کہتے رہے کدھر ہے نیا پختونخوا؟۔ الیکشن کے بعد خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت ملی۔ 2013ء سے 2018ء تک سب سے تیزی جس صوبےمیں غربت کم ہوئی وہ کے پی تھا۔ ہم ایلیٹ نہیں سارے علاقوں کی ڈویلپمنٹ کرنی ہے، کوشش ہے جس طرح بھی بجٹ بنائیں غریب علاقے اوپر آئیں۔ انشااللہ جنوبی پنجاب کا علیحدہ صوبہ بنے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ایک جماعت نے حکومت کو گن پوائنٹ پر سفیر نکالنے کا کہا، میں ثابت کروں گا جو میرا طریقہ ہے وہ کامیاب ہے، ٹی ایل پی نے جو کیا اس سے ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کیخلاف مسلمان ممالک کو اکٹھا کروں گا، ہمارے پانچ سال مکمل ہونے سے قبل مسلم ممالک میں پیغام جا چکا ہوگا، یورپی یونین اور اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر جائیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا، فرانس میں حضور اکرمﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی، آزادی اظہار رائے کے نام پر مسلمانوں کو تکلیف نہیں دی جاسکتی۔ کوئی ایسا مسلمان نہیں جو نبی کریمﷺ سے محبت نہ کرتا ہو، 100 سال بھی احتجاج کریں، فرانس کو آزادی اظہار سے نہیں روک سکتے۔ 50 مسلمان ممالک تجارت بند کردیں گے تو اثر پڑے گا۔