Saturday, April 27, 2024

اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جا سکتا، پرویزالٰہی، طاہراشرفی

اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جا سکتا، پرویزالٰہی، طاہراشرفی
April 23, 2021

لاہور (92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے ملاقات کی، پرویزالہٰی اور علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جا سکتا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور چیئرمین متحدہ علماء بورڈ حافظ محمد طاہر اشرفی نے ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ نظریہ پاکستان اور فکر پاکستان کے خلاف کوئی بھی قدم ملکی اساس اور کلمہ طیبہ کے پرچم کے نیچے جدوجہد کے خلاف ہوگا۔ ایک رکنی اقلیتی کمیشن کی نصاب تعلیم سے اسلامی تعلیمات اور تاریخ کو نکالنے کی سفارشات نہایت نامناسب ہیں جس سےانتشارکا خدشہ ہے۔

چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی سے پاس کردہ ایکٹ پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اقلیتی ارکان کے دستخط موجود ہیں۔ یہ ملک اسلام کی وجہ سے قائم ہے، اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جا سکتا۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ غیر مسلم طلبہ اگر اسلامی تعلیم اور تاریخ کا مطالعہ نہیں کرنا چاہتے تو ان کے پاس پڑھنے یا نہ پڑھنے کا اختیار موجود ہے۔