Saturday, April 20, 2024

افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، شاہ محمود قریشی

افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، شاہ محمود قریشی
April 23, 2021

استنبول (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود کی استنبول میں ترک اور افغان وزیر خارجہ کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا، افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود بولے کہ، افغان بد امنی سے افغان عوام کے بعد سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا، آج سہ فریقی اجلاس میں سمٹ لیول انگیجمنٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ افغانوں کے پاس مذاکرات نتیجہ خیز بنانے کا بہترین موقع ہے، کہا کہ مشترکہ پریس کانفرنس ہماری سوچ میں یکسوئی کی مظہر ہے۔

اُنہوں نے کہا، آج اس سہ فریقی اجلاس میں شرکت کر کے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے، میں سمجھتا ہوں کہ افغان امن عمل کے اس اہم موڑ پر سہ فریقی اجلاس کا انعقاد بہت اہمیت کا حامل ہے۔ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغانیوں کے پاس ایک نادر موقع ہے۔ انہیں چاہیے کہ وہ سب مل کر مذاکرات کو نتیجہ خیز بنائیں۔ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، واحد راستہ جامع اور وسیع مذاکرات ہیں، اسی لیے ہم طالبان کو بار بار مذاکرات کا کہتے ہیں، اس کا فیصلہ اُنہوں نے خود کرنا ہے افغانستان میں بدامنی کی سب سے بھاری قیمت، افغانوں کے بعد پاکستان نے چکائی ہے۔

اُن کا کہنا تھا، کانفرنس ملتوی ہونے کے باوجود آپ نے اس اہم اجلاس کا انعقاد کیا مجھے خوشی ہے، ہم نے اقتصادی تعاون، غیر قانونی مائیگریشن کے مسئلے پر بھی بات چیت کی، غیر قانونی مائیگریشن پر موثر انداز میں قابو مشترکہ کاوشوں کے ذریعے پایا جا سکتا ہے۔ مزید کہا کہ افغانستان میں قیام امن سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا۔