Friday, April 26, 2024

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے غلام سرور خان کی ملاقات ، کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے غلام سرور خان کی ملاقات ، کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت
April 22, 2021

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے غلام سرور خان کی ملاقات ہوئی۔ کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔

عثمان بزدار نے کہا دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔ قوم کی تائید وحمایت سے دشمن کے مذموم عزائم پہلے بھی ناکام بنائے، آئندہ بھی بنائیں گے۔ قوم اور سکیورٹی اداروں نے قیام امن کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ بزدل دشمن بہادر قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا خدمت کے سفر کے سامنے انتشار کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے۔ افراتفری کی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ منفی سیاست کو 22 کروڑ عوام مسترد کر چکے ہیں۔ پے درپے ناکامیوں کے بعد مخالفین کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب میں حقیقی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ یہ سفرتیزی سے جاری و ساری رہے گا، روکنے کی کوشش کرنے والے پہلے کی طرح ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا ماضی میں دانستہ طور پر بعض علاقوں کو نظر انداز کیا گیا۔ ہماری حکومت نے یکساں ترقی کا وژن دیا۔ پی ڈی ایم ملک میں عدم استحکام چاہتی تھی لیکن خود ٹوٹ پھوٹ چکی ہے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا عوام کی حمایت سے اپوزیشن عناصر کے افراتفری پھیلانے کے عزائم ناکام بنائے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے حساس معاملات پر بھی سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔

دونوں رہنماؤں نے حالیہ صورتحال پر اپوزیشن کے افسوسناک رویے کی مذمت ، باہمی دلچسپی کے امور، حلقے کی ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔