Thursday, March 28, 2024

کوئٹہ کے ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ، 5 افراد جاں بحق

کوئٹہ کے ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ، 5 افراد جاں بحق
April 22, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کے ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا ہوا جس میں پانچ افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والوں میں پولیس اہلکار شجاعت عباسی، ہوٹل کا ڈیوٹی منیجر شاہ زیب اور دو سکیورٹی گارڈز بھی شامل ہیں۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ اعجاز احمد، اسسٹنٹ کمشنر جعفر آباد بلال شبیر اور دیگر افراد شامل ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق ہوٹل کی پارکنگ میں بم نصب کیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے 92نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر کوئی اہم شخصیت موجود نہیں تھی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے 92 نیوز سے گفتگو میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل کے اندر دھماکا کافی حساس نوعیت کا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کیا گیا۔ 80 سے 90 کلو دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔ عینی شاہد کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کا سی ایم ایچ کوئٹہ میں علاجہ جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور دھماکہ میں زخمی ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ اعجاز احمد اور اسسٹنٹ کمشنر جعفرآباد بلال شبیر کی عیادت کی۔

وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت اہم شخصیات نے دھماکے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ہر پہلو سے تفتیش کرنے اور معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

ترجمان پی ایم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان رات گئے تک تمام معاملات کی خود نگرانی کرتے رہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کوئٹہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رمضان المبارک میں دہشت گردوں کا گھناؤنا فعل انسانیت کے خلاف ہے۔