Thursday, April 25, 2024

نوری آباد پاورپلانٹ ریفرنس، وزیراعلی سندھ سمیت دیگر ملزم احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش

نوری آباد پاورپلانٹ ریفرنس، وزیراعلی سندھ سمیت دیگر ملزم احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش
April 19, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزم احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہو گئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے نورآباد پاورپلانٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پیش ہوئے۔ عدالت نے تمام حاضر ملزمان کو 2،2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے اور ایک غیرحاضر ملزم کے وارنٹ گرفتاری کا حکم دیا۔

مراد علی شاہ کے وکیل کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال سازگار نہیں، مستقل استثنیٰ دیا جائے۔ جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جو منصوبہ سو میگا واٹ بجلی کراچی کے لوگوں کو بجلی فراہم کر رہا ہے اس پر ریفرنس بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر کے خلاف 68 والیمز پر مشتمل ریفرنس کی نقول احتساب عدالت پہنچائیں گئیں۔ نیب ٹیم کو ریفرنس کی کاپیاں گاڑیوں سے اتارتے ایک گھنٹہ لگا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اتنی کاپیاں دیکھ کر حیران رہ گئے۔ ملزمان کے وکلا کے لیے ریفرنس کی نقول لے جانا بھی مسئلہ بن گیا۔